وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طالبات کے لیے ایک اہم تعلیمی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے بھر میں ایک لاکھ مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد طالبات کو محفوظ، آسان اور کم لاگت سفری سہولت مہیا کرنا ہے۔
عارف والا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت طالبات کو الیکٹرک بائیکس حاصل کرنے کے لیے کسی قسم کی ڈاؤن پیمنٹ ادا نہیں کرنا ہوگی، جبکہ حکومت پنجاب سبسڈی فراہم کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طالبات اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں اور تعلیم کے سفر میں ٹرانسپورٹ کی مشکلات کم ہوں۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں مزید بتایا کہ جن طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ یا دیگر ڈیجیٹل تعلیمی آلات کی ضرورت ہوگی، حکومت ان کی معاونت بھی کرے گی تاکہ جدید تعلیم تک رسائی مزید آسان بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وسیع تعلیمی منصوبے میں جدید اسکولوں کا قیام، نئے وظائف، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات بھی شامل ہیں، جن کا مقصد صوبے میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق یہ اقدامات خصوصاً خواتین کی تعلیم، خودمختاری اور بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔







