نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات اور کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے ساتھ پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ کیا جبکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت مختلف اہم عالمی و علاقائی امور پر گفتگو کی۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی حمایت بھی دہرائی۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دنیا میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے دہشتگردی میں تشویشناک اضافے پر بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔
انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی و ثالثی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور اس سلسلے میں دی جانے والی قربانیوں کو بھی سراہا۔







