وزیراعظم شہباز شریف کی بڑی ہدایت، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر میں اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پالیسی میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئل ریفائنریز کو جدید خطوط پر استوار کرنا ملکی توانائی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ریفائنریز مستقبل کی توانائی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اصلاحاتی اقدامات کو جلد مکمل کریں، جبکہ اوگرا کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مؤثر اصلاحات نافذ کی جائیں تاکہ شعبہ توانائی میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ نئی ریفائننگ پالیسی پر بروقت اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز کے انعقاد کی بھی ہدایت دی تاکہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں کی گئی ترامیم کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے ریفائننگ پالیسی میں ترامیم پر وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں