ساہوکا (نامہ نگار)واہگہ بستی میں آوارہ کتوں کا حملہ،پانچ بچے اور متعدد مویشی زخمی۔اہلِ علاقہ کا کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ساہوکا کے نواحی علاقے واہگہ بستی میں آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اچانک بچوں اور مویشیوں پر حملہ کر دیا۔جس کے نتیجے میں پانچ بچے زخمی جبکہ متعدد مویشی بھی کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہو گئے۔ واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ذرائع کے مطابق آوارہ کتوں نے گلی میں کھیلتے بچوں اور راہگیروں کو نشانہ بنایا۔ زخمی ہونے والوں میں محمد احمد ولد احمد علی، عروج دختر اسلم، بسم اللہ دختر یونس سمیت دیگر بچے شامل ہیں۔اہلِ علاقہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو کتوں کے حملے سے بچایا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں ضروری علاج فراہم کیا گیا۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ واہگہ بستی اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔جس کے باعث شہری خصوصاً بچے شدید خوف میں مبتلا ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ محکموں کو شکایات کے باوجود تاحال مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔جس کے باعث ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔اہلِ علاقہ نے کمشنر ملتان،ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر خصوصی آپریشن شروع کیا جائے۔متاثرہ علاقوں میں تلفی کا مؤثر انتظام کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔







