واسا ملتان میں غیر مرئی مخلوق ایکسین گلگشت رانا اکرام کے ایک تیر سے دو شکار، کمائی والے عہدے

ملتان( قوم انویسٹیگیشن سیل) واسا ملتان میں ایک غیر مرئی مخلوق کے ایکسین بننے کا انکشاف ہوا ہے جو بیک وقت واسا ملتان میں نوکری بھی کرتے رہے اور لگاتار ملتان سے بہاول پور اور رحیم یار خان دو اور چار سالہ پروگراموں کے تحت پرائیویٹ اداروں میں نہ صرف باقاعدہ تعلیم حاصل کرتے رہے بلکہ اہم ترین سرکاری عہدوں پر براجمان رہ کر سرکاری امور بھی ساتھ ساتھ انجام دیتے رہے ۔ واسا میں 2009 میں سب انجینئر گریڈ 11 میں بھرتی ہونے والے اس غیر مرئی مخلوق سے تعلق رکھنے والے کاریگر کا نام رانا محمد اکرام ہے اور وہ ان دنوں بھی بیک وقت واسا میں دو اہم ترین عہدوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں سے ایک ایکسین گلگشت ڈویژن اور دوسرا ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل نارتھ ڈویژن شامل ہیں جو کہ واسا ملتان کی دونوں بہترین کمائی والی سیٹیں ہیں۔ رانا محمد اکرام کو مبینہ طور پر 17 سال کے مختصر ترین عرصے میں گریڈ گیارہ سے گریڈ 17 میں قواعد و ضوابط کو روندتے ہوئے پروموشن دی گئی اور پھر اسے قائم مقام کے طور پر مارچ 2024 سے گریڈ 18 میں ایکسین کا چارج دے کر اہم ترین سرکل گفٹ کر دیئے گئے ہیں۔کہا جاتا ہے کہ رانا محمد اکرام گزشتہ 17 سال کے دوران واسا میں تعینات ہونے والے ہر ایم ڈی کا سب سے چہیتا آفیسر رہا ہے اسے اکاموڈیٹ کرنے کے لیے ایم ڈی سمیت دیگر افسران بھی قواعد کو آسانی سے روند ڈالتے ہیں جس کی متعدد مثالیں موجود ہیں جو روزنامہ قوم آئندہ اشاعتوں میں تفصیل کے ساتھ شائع کرے گا ۔ توجہ طلب امر یہ بھی ہے کہ محمد اکرام کی جہاں پوسٹنگ ہوتی ہے اسی ڈویژن میں فنڈز کی بارش شروع ہو جاتی ہے جبکہ ان کے ڈویژن میں سیوریج سمیت دیگر ایشوز بے تحاشا ہوتے ہیں ، گلگشت ڈویژن میں بھی شہری کافی عرصہ سے سیوریج سمیت دیگر مسائل کا روناروتے آرہے ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں