ملتان: مریم نواز نے کینسر سینٹر کا افتتاح کردیا، کامیاب علاج والی خاتون جذباتی ہوگئیں

ملتان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نشتر اسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر کا افتتاح کردیا، اس موقع پر انہوں نے پیٹ سی ٹی، سائیکلوٹرون اور کینسر کے علاج کے لیے کوآبلیشن مشین کا بھی افتتاح کیا۔
مریم نواز نے نشتر اسپتال میں قائم کینسر سینٹر کا دورہ کیا اور مختلف طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سائیکلوٹرون مشین کے طریقہ کار کا معائنہ بھی کیا، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے انہیں کینسر کے جدید علاج اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چین سے حاصل کی گئی کرائیو ایبلیشن مشین کے ذریعے صرف ایک سوئی کی مدد سے کینسر کی رسولیوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کوآبلیشن مشین کے ذریعے کینسر کا علاج کروانے والی پہلی مریضہ سے بھی ملاقات کی۔ کمالیہ سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ مسرت ارشد اپنے کامیاب علاج کے بارے میں بتاتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مسرت ارشد کو دلاسا دیا اور کینسر کے کامیاب علاج پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ مریم نواز نے کہا کہ چین سے کینسر کے علاج کے لیے کوآبلیشن مشین لائی گئی ہے، اب مریضوں کو اس حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔
کینسر سینٹر میں جدید تشخیصی اور علاج کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو مزید بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ نشتر اسپتال میں کینسر کے مریضوں کے لیے جدید طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں