اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا ایکٹ) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعات 20 اور 26 اے کے تحت درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور مسلح افواج سے متعلق مبینہ طور پر جھوٹے اور بے بنیاد بیانات نشر کیے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق نورین نیازی پر الزام ہے کہ ان کے بیانات سے ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد متاثر کرنے، خوف و ہراس پھیلانے اور اشتعال انگیز و توہین آمیز مواد کی تشہیر کی کوشش کی گئی۔ مقدمے میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے ریاستی اور سکیورٹی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا۔
یاد رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انٹیلی جنس اتھارٹی (این سی سی آئی اے) نے متنازع بیان کے معاملے پر نورین نیازی کو طلب بھی کیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر واضح کر چکے ہیں کہ نورین نیازی کا بیان پارٹی کی سرکاری پالیسی کی نمائندگی نہیں کرتا۔







