نشتر ہسپتال ایچ آئی وی کیس، پانچ ڈاکٹرز اور نرس ذاتی سماعت کیلئے طلب

ملتان(وقائع نگار ) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و نشتر ہسپتال ملتان میں ایچ آئی وی مشتبہ مریض کی سرجری کے معاملےمیں مبینہ غفلت پر پانچ ملازمین کو ذاتی سماعت کے لیے طلب کر لیا ۔ان میں سابق ایڈمن رجسٹرار (لیب) ڈاکٹر شہباز انور، سابق سینئر رجسٹرار سرجری ڈاکٹر فریحہ احمد، سابق میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد نعیم اختر، سابق میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد علی جان اور سٹاف نرس مسز ردا عباس شامل ہیں جن کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی جاری ہے، یاد رہے کہ متعلقہ افسران و اہلکاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے مریض کی ایچ آ ئی وی رپورٹ بروقت لوڈ، چیک اور متعلقہ سینئر افسران کو آگاہ کرنے سمیت اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں غفلت برتی جس کے باعث مبینہ انتظامی اور طبی کوتاہیاں سامنے آئیں،محکمہ کے مطابق اس سے قبل 22 مئی 2026 کو ان ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم موصول ہونے والے جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مجاز اتھارٹی نے ذاتی سماعت کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری (جنرل) رابعہ شکیل اسلم کو ہیرنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جو متعلقہ افسران کا مؤقف سننے کے بعد اپنی سفارشات مجاز اتھارٹی کو پیش کریں گی،نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر متعلقہ افسران مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوئے تو یہ تصور کیا جائے گا کہ انہیں اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا، جس کے بعد قانون کے مطابق یکطرفہ فیصلہ کیا جا سکتا ہے، حکام کے مطابق ذاتی سماعت کے بعد ہیرنگ آفیسر اپنی رپورٹ اور سفارشات مجاز اتھارٹی کو ارسال کریں گے، جس کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں