میلسی: معطل پٹواری کی 4ماہ بعد بھی آن لائن ریکارڈ تک رسائی، محکمہ مال میں کھلبلی

میلسی( نامہ نگار)معطل پٹواری کی چار ماہ بعد بھی پٹوار ریکارڈ تک آن لائن رسائی کا اختیار برقرار، محکمہ مال کے آئی ٹی نظام پر سوالات اٹھنے لگے۔ عوامی شکایات اور مبینہ بدعنوانی و بے ضابطگیوں کے الزامات پر رواں برس اپریل میں معطل ہونے والے پٹواری فیصل عباس کی سابقہ پٹوار حلقوں کے سرکاری ریکارڈ تک آن لائن رسائی چار ماہ گزرنے کے باوجود برقرار، معطل پٹواری کی پٹوار حلقوں تک رسائی ختم نہ کیے جانے پر محکمہ مال کے ریکارڈ کے تحفظ اور متعلقہ نظام کی نگرانی کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں جبکہ شہریوں نے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پٹواری فیصل عباس پٹوار سرکل کوٹ ملک اور پٹوار سرکل چک نمبر 211 ڈبلیو بی کے پٹوار حلقوں کے ذمہ دار تھے عوامی شکایات اور مبینہ بے ضابطگیوں کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد نے رواں سال اپریل میں انہیں معطل کر دیا تھا بعد ازاں دونوں پٹوار حلقوں کا چارج پٹواری میاں وحید اطہر کے سپرد کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چارج تبدیل ہونے کے بعد نئے تعینات پٹواری کو سرکاری ریکارڈ تک رسائی فراہم اور معطل پٹواری کی سابقہ رسائی ختم کی جانی تھی تاہم مبینہ طور پر فیصل عباس کا صارف کھاتہ تاحال فعال ہے اور اسے مذکورہ مواضعات کے آن لائن ریکارڈ تک رسائی حاصل ہے۔اس صورتحال نے یہ اہم سوال پیدا کر دیا ہے کہ معطلی کے بعد مذکورہ پٹواری نے صارف کھاتے کے ذریعے سرکاری ریکارڈ تک کوئی رسائی حاصل کی یا نہیں اور اگر کی گئی تو اس دوران ریکارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی یا ترامیم ہوئیں اس کا تعین نظام میں محفوظ رسائی اور سرگرمیوں کے تکنیکی ریکارڈ کا جائزہ لے کر ہی کیا جا سکتا ہے ذرائع کے مطابق معطل پٹواری نے متعدد بار ریکارڈ میں ردوبدل کیا۔متعلقہ حلقوں کے مطابق معطل اہلکار کی سابقہ ذمہ داریوں سے متعلق ریکارڈ تک رسائی برقرار رہنا سرکاری ریکارڈ کے تحفظ اور اختیارات کی نگرانی کے حوالے سے ایک سنجیدہ انتظامی معاملہ ہے۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بروقت رسائی ختم نہ کیے جانے سے اور غیر مجاز استعمال سے ریکارڈ میں مبینہ طور پر کئی بے ضابطگیوں پیدا ہو چکی ہیںذرائع نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس وہاڑی کے متعلقہ آئی ٹی سیکشن کے منتظمین کی جانب سے معطل پٹواری کی رسائی ختم نہ کیے جانے میں مبینہ غفلت یا معاونت کا عنصر بھی موجود ہو سکتا ہے جو ایک سنگین غفلت ہے، آئی ٹی سیکشن وہاڑی کے ایس این اے منیب احمد نے اپنے مؤقف اختیار کیا ہے اگر اسسٹنٹ کمشنر میلسی کے دفتر سے جاری کردہ معطلی کے احکامات اور نئے تعینات ہونے والے پٹواری آرڈرز ہمیں موصول ہوں تو ہم اس پر قانون کے مطابق کاروائی کرتے ہیں شہریوں اور متعلقہ حلقوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور محکمہ مال کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معطل پٹواری فیصل عباس کی معطلی سے آج تک اسکے لاگ ان، پاسورڈ کا جائزہ لیتے ہوئے اس کا فوری آڈٹ ضروری ہے تاکہ متعلقہ معطل پٹواری کی سرگرمیوں کا ریکارڈ چیک کیا جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ آیا سرکاری ریکارڈ میں کوئی غیر مجاز تبدیلی کی گئی یا نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی اہلکار کی غفلت، سہولت کاری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے شواہد سامنے آئیں تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مستقبل میں معطل یا تبدیل ہونے والے اہلکاروں کی سرکاری ریکارڈ تک رسائی ختم کرنے کا مؤثر نظام یقینی بنایا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں