میلسی: غیرت کے نام پر قتل یا خودکشی؟ نوجوان لڑکے اور لڑکی کی لاشیں برآمد

وہاڑی،میلسی (نمائندہ قوم،جنرل رپورٹر،نامہ نگار) میلسی کے نواحی علاقے موضع فدہ شریں والا کے ایک کھوہ سے نوجوان لڑکے اور لڑکی کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ واقعے سے متعلق مختلف غیر مصدقہ دعوے بھی سامنے آ رہے ہیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی حقائق تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت حافظ مشاہد ولد محمد امین سکنہ بستی نور پور موضع فدہ کے طور پر ہوئی ہےجبکہ لڑکی کی شناخت شاہین دختر مقبول بستی نور پور کے نام سے سامنے آرہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئی تھی۔ پولیس نے دونوں لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرسپتال منتقل کر دی ہیں۔مقامی سطح پر واقعے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ بعض افراد کا دعویٰ ہے کہ دونوں آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے اور انہیں مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کیا گیاجبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ نوجوان اور لڑکی نےخودکشی کر لی۔ تاہم ان میں سے کسی بھی دعوے کی پولیس نے تصدیق نہیں کی۔تاہم اس حوالے سے بھی پولیس یا متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں ایک دوسرے سے شادی کرنا چاہتے تھے لیکن مبینہ طور پر لڑکی کے اہل خانہ کی جانب سے انکار کیے جانے پر دونوں نے گندم میں محفوظ رکھنے والی زہریلی گولیاں مشروب میں ملا کر پی لیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی میلسی فاروق رمضان نے بتایا کہ پولیس مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے اور دستیاب شواہد کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم آخری اطلاعات تک کسی فریق کی جانب سے قانونی کارروائی کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تھی جس کے باعث تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں