میاں چنوں: با اثر میڈیا کارندے اور مفرورڈاکو کاغریب کے گھر پردھاوا

میاں چنوں ( سٹاف رپورٹر)شہر کے وسط میں ریواڑی سویٹس کے سامنے ریڑھی لگا کر حلال روزی کمانے والے ایک غریب محنت کش یٰسین کے نوجوان بیٹے حیدر کے گھر پر دن دہاڑے فائرنگ کے لرزہ خیز واقعے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس میں اب انتہائی سنسنی خیز اور خطرناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق غریب اور بے بس خاندان پر ہونے والے اس حملے کا الزام جنید مظفر قادری پر عائد کیا جا رہا ہے، جس کا والد مظفر قادری مبینہ طور پر میڈیا کی آڑ لے کر غریبوں پر ظلم و ستم ڈھانے اور انہیں بلیک میل کرنے کے لیے بدنام ہے۔ سنسنی خیز انکشاف یہ ہوا ہے کہ اس واردات میں جنید قادری اکیلا نہیں تھا، بلکہ اس کا ہمراہی اور دستِ راست حمزہ آرائیں نامی ایک خطرناک، ڈکیتی کا ریکارڈ یافتہ ملزم تھا، جو تھانہ سٹی میاں چنوں سمیت دیگر کئی تھانوں کی پولیس کو سنگین جرائم میں مطلوب ہے۔ ایک بااثر خاندان کا قانون کی گرفت سے مفرور نامی گرامی ڈاکو کو ساتھ ملا کر غریب ریڑھی بان کے گھر پر سرعام فائرنگ کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔متاثرہ فریق کا مؤقف ہے کہ وہ اس اندھیر نگری کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے تھانہ سٹی میاں چنوں میں اپنے تفتیشی افسر کے پاس موجود تھے، کہ اسی دوران ملزمان نے قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ایک اور خطرناک چال چلی۔ بااثر مظفر قادری نے مبینہ طور پر اپنے ہی گھر پر خودساختہ فائرنگ کا ایک جھوٹا ڈرامہ رچایا تاکہ الٹا غریب محنت کش کے خاندان کو پھنسایا جا سکے اور تفتیش کا رخ موڑا جا سکے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مظفر قادری کے اس خودساختہ واقعے کی ویڈیو اور دیگر ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں جو وہ تفتیشی اداروں کو پیش کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تھانے کے ریکارڈ، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور مفرور ڈاکو حمزہ آرائیں کے مجرمانہ ریکارڈ کو سامنے رکھ کر غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے تاکہ میڈیا کی اوٹ میں چھپے جرائم پیشہ چہرے بے نقاب ہو سکیں اور غریب خاندان کو انصاف مل سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں