مہنگا پیٹرول، 17 نشستوں والی حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہے، شفیع جان

صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہ کیے جانے پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت نے عوام کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 17 نشستوں والی حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر بھاری لیوی ٹیکس عائد کرکے عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص معاشی حکمت عملی اور نااہلی کا خمیازہ عام شہری بھگت رہے ہیں۔ ان کے مطابق عوامی مینڈیٹ سے محروم حکومت کو عوام کی مشکلات، مہنگائی اور معاشی دباؤ کا احساس نہیں، جبکہ مہنگے پیٹرول اور ڈیزل نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کوئی واضح منصوبہ موجود نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہی تجربہ کار وفاقی ٹیم کی کارکردگی ہے؟ ان کے بقول موجودہ حکومت کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے بجائے مزید بحرانوں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں