مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش ناقابلِ معافی، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے قوم سعودی عرب کے ساتھ ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ المکرمہ میں مسجدِ حرام کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ معافی اور انتہائی افسوسناک اقدام قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مسجدِ حرام اور مکہ المکرمہ جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی وہ سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس اشتعال انگیز واقعے پر پاکستان کے عوام شدید رنج اور تشویش میں مبتلا ہیں، جبکہ اس قابلِ مذمت کارروائی سے پیدا ہونے والے دکھ، کرب اور اضطراب کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی، غیر معمولی مستعدی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوری اقدام کرکے اس خطرے کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور خطے میں مزید کشیدگی سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطہ پہلے ہی تنازعات کی بھاری قیمت ادا کرچکا ہے، اس لیے پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابلِ عمل راستہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے لیے بھی پوری ثابت قدمی سے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق حرمین شریفین کا تحفظ ہر پاکستانی کے دل کے انتہائی قریب ہے اور اس حوالے سے قوم سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں