مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کیلئے اہم پیغام ہے: ترک صدر

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے ایک اہم پیغام ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
ترکیہ کے صوبے سامسون میں نوجوانوں کے لیے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے مکہ معاہدے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اظہار خیال کیا۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مل کر ایک اہم قدم اٹھایا ہے، اس حوالے سے مثبت پیش رفت جاری ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس معاملے میں کامیابی حاصل ہوگی۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جاری صورتحال پر ترکیہ گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ صرف ہرمز ہی نہیں بلکہ خلیج کے مختلف علاقوں میں بھی سنگین نوعیت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اسلامی دنیا کو درپیش مشکلات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور خطے میں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔
ترک صدر نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال کو معمولی معاملہ سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں