اوچ شریف (کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس کی بڑی کارروائی، 47 مقدمات میں مطلوب خطرناک مسلح ملزم گرفتار، مسروقہ سامان اور اسلحہ برآمد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے جدید انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITS) کی مدد سے موٹروے ایم-5 پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 47 مقدمات میں مطلوب خطرناک مسلح ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق جدید آئی ٹی ایس نظام نے ایک مشتبہ گاڑی کی بروقت نشاندہی کی، جس پر موٹروے پولیس نے فوری ناکہ بندی کر دی۔ ملزم نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم موٹروے پولیس نے سنسنی خیز تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم بہاولپور کے علاقے حاصل پور میں 85 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے سمیت مجموعی طور پر 47 مقدمات میں مطلوب تھا۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 10 سولر انورٹر، 2 لیتھیم بیٹریاں، ایک لاکھ 36 ہزار روپے نقد، ایک پستول، 10 زندہ گولیاں، جعلی نمبر پلیٹس اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑی بھی بہاولپور میں دکان چوری کے ایک مقدمے میں مطلوب تھی۔موٹروے پولیس نے ملزم، گاڑی اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے اُچ شریف پولیس اور سی سی ڈی بہاولپور کے حوالے کر دیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ جدید انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITS) جرائم پیشہ عناصر کی بروقت نشاندہی اور گرفتاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ موٹروے پولیس شاہراہوں پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت متحرک ہے







