من پسند کمپنی پر نوازش، اتوار کی چھٹی کے باوجود ایم ڈی اے دفتر کھول کر بلز تیار

ملتان( سپیشل رپورٹر) اتوار کو چھٹی کے روز ایم ڈی اے کے دفاتر کھلوا کر من پسند کنسٹرکشن کمپنی کے بلز تیار کرنیکا انکشاف‘ ڈائریکٹر انجینئرنگ کے شمالی علاقہ جات ٹور کے اخراجات پورے کروانے کی مبینہ یقین دہانی پر معاملات طے پائے ‘ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب‘ سیکرٹری ہاؤسنگ اور انٹی کرپشن حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا تفصیل کے مطابق گرین پاور ایسوسی ایٹس نامی کنسٹرکشن کمپنی کو 22اکتوبر 2025کو پرانا شجاع آباد روڈ پر اسفالٹ‘ کرب سٹون لگانے‘ ٹریفک لائنز کا پینٹ اور ٹف ٹائلز لگانے کے لئے ورک آرڈر جاری کئے گئے مذکورہ کمپنی کو چار ماہ میں 21فروری2026تک کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی مگر مذکورہ کمپنی نے ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود کام تک شروع نہ کیا تھا جس پر انجینئرنگ افسران کی جانب سے مذکورہ کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی گئی مگر موجودہ ڈائریکٹر انجینئرنگ نے گرین پاور ایسوسی ایٹس کو بلیک لسٹ نہ کیا ‘گرین پاور ایسوسی ایٹس نے ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد گزشتہ ماہ مذکورہ سائٹ پر کام کا آغاز کردیا اور محکمہ سے فوری بلز کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کردیا اب معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹر انجینئرنگ ابوبکر چشتی نے گزشتہ روز اتوار کو تمام سٹاف کو دفتر بلا کر گرین پاور ایسوسی ایٹس کے بلز تیار کروائے ہیں اور گرین پاور ایسوسی ایٹس کی جانب سے ابوبکر چشتی کو مبینہ طور پر شمالی علاقہ جات کے ٹور اخراجات پورے کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ‘ واضح رہے کہ برینڈ روڈ پراجیکٹ میں غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے تمام انجینئرنگ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی جاچکی ہیں مگر ڈائریکٹر انجینئرنگ کو شمالی علاقہ جات کے ٹور کے لئے ڈائریکٹر جنرل نے چھٹیاں دینے کی حامی بھرلی ہے جس پر تمام ایم ڈی اے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ‘ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب‘ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن پلاننگ‘ کمشنر ملتان اور انٹی کرپشن حکام سے اتوار کے روز ایم ڈی اے دفتر کھلوا کر بلز تیار کروانے کے معاملہ کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے اس حوالہ سے موقف کے لئے ڈائریکٹر انجینئرنگ ابوبکر چشتی سے رابطہ کیا گیا تو متعدد بار کالز کرنے کے باوجود انہوں نے نمبر اٹینڈ نہ کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں