ملتان (کورٹ رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج ملتان الیاس ریحان نے نجی ہوٹل سے پکڑے جانے والے ملزموں کی درخواست ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ گزشتہ روز سناتے ہوئے ملوث افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ ملتان کے معروف ہوٹل پر پولیس کا چھاپہ، شراب اور مبینہ منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ہوٹل مالکان اظہر گردیزی، حسنین گردیزی، محمد کاشف، محمد ارشد، مہتاب، صفدر، حسن علی، عابس، فرقان، نعمان اور خاتون ثنا کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرنے کا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ پولیس تھانہ چہلیک نے 15 اگست کو نجی ہوٹل میں ریڈ کیا اور مقدمہ درج کیاجبکہ مقدمہ میں ملوث ملزموں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیںجس پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے ایس ایچ او تھانہ چہلیک حنیف گجر کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے بعد 4 روز قبل مذکورہ ملزموں نے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ اس درخواست ضمانت پر عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 اگست کو مقدمے کا ریکارڈ لے کر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کردی تھیں۔ جس کے بعد وکلاء دلائل سننے اور پولیس ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد محفوظ فیصلہ گزشتہ روز سناتے ہوئے ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔







