ملتان: چور گینگ کارکن گرفتار، 134 موٹر سائیکلوں کے فریم، پرزے برآمد

ملتان (کرائم رپورٹر) ملتان پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک بڑے منظم گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی۔ سی آئی اے انویسٹی گیشن ون، اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف (اے وی ایل ایس)، تھانہ کینٹ اور سی آر او/آئی ٹی برانچ کی مشترکہ کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کرکے 134 مسروقہ موٹر سائیکلوں کے فریم اور پرزہ جات برآمد کر لیے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران فریم اور چیسیس نمبرز کی مدد سے مجموعی طور پر 75 مقدمات کا سراغ لگایا گیا، جن میں تھانہ کینٹ کے 10 مقدمات بھی شامل ہیں۔گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت کامران رجب ولد رجب علی کے نام سے ہوئی ہے جسے سی آر او/آئی ٹی برانچ اور اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی تکنیکی معاونت سے ٹریس کیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او اور اے وی ایل ایس ٹیم نے مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کی۔پولیس نے ملزم کے ملتان میں واقع کرائے کے گھر پر چھاپہ مار کر 134 چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے فریم، باڈی پارٹس اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ ابتدائی طور پر 70 سے 100 فریموں کی برآمدگی کا اندازہ لگایا جا رہا تھا تاہم کارروائی کے دوران اس سے کہیں زیادہ تعداد میں مسروقہ سامان برآمد ہوا۔دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے بعد انہیں کھول کر ان کے پرزہ جات اور آلات مارکیٹ میں فروخت کر دیتا تھا۔پولیس حکام کے مطابق اس منظم نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے پرزہ جات خریدنے والوں کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں جبکہ باقی ماندہ موٹر سائیکلوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔سی پی او ملتان کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں کینٹ اور قطب پور کے علاقوں میں سرگرم منظم موٹر سائیکل چور گروہوں کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ 21 جون 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق گاڑیوں کی چوری کی وارداتوں میں تقریباً 50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ منظم جرائم کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں