ملتان ( خصوصی رپورٹر)ملتان میں شدیدطوفان بادوباراں نے نظام زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیئے،کچی دیواریں گرگئیں۔مختلف مقامات پر سو لر پینلزاڑگئے۔بجلی گھنٹوں غائب رہی۔بارش کے بعدگرمی کازورٹوٹ گیا۔جمعرات کی سہ پہر ملتان میں پری مون سون موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ تمام سیوریج، ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسران، فیلڈ سٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر طلب کرکے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے ڈسپوزل اسٹیشنز سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ڈسپوزل سٹیشنز کی ورکنگ اور شاہراؤں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا کو شام سات بجے تک مختلف ڈسپوزل سٹیشنز پر ریکارڈ کی گئی بارش سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش چونگی نمبر 9 ڈسپوزل سٹیشن پر 23 ملی میٹر ،کڑی چمنداں ڈسپوزل سٹیشن پر 21 ملی میٹر،پرانا شجاع آباد روڈ ڈسپوزل سٹیشن پر 17 ملی میٹر خان ویلج ڈسپوزل اسٹیشن پر 12 ملی میٹر جبکہ سورج میانی ڈسپوزل سٹیشن پر 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔







