ملتان ریجن میں جرائم کم، آر پی او نے پولیس کارکردگی مزید بہتر بنانے کا حکم دیدیا

ملتان (نمائندہ خصوصی) ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل کی زیرِ صدارت ریجنل پولیس آفس ملتان میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال محمد عابد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں بینش فاطمہ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد طاہر کھچی اور ایس ایس پی ریجنل انویسٹی گیشن برانچ حسن رضا کھاکھی نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ملتان ریجن کے چاروں اضلاع میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی شرح اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل نے جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔انہوں نے کہا کہ حساس نوعیت کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور ان میں ملوث ملزمان اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مقدمات کے میرٹ پر تیز رفتار فیصلوں کو یقینی بنایا جائے۔آر پی او عثمان اکرم گوندل نے ضلعی پولیس سربراہان کو ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور عوام کو بہترین پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں