ملتان(نمائندہ خصوصی،وقائع نگار)گلگشت میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان میں گزشتہ روز شارٹ سرکٹ کی وجہ سے بجٹ سیکشن میں نصب ایئر کنڈیشنر میں آگ لگ گئی۔ بورڈ کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے لیے قریب ہی نصب آگ بجھانے والے آلات (fire extinguishers) کا استعمال کیا اور مین الیکٹرک سوئچ بھی بند کر دیا گیالیکن کمرہ بہت تیزی سے گہرے دھوئیں سے بھر گیا اور صورتحال پر قابو نہ پایا جا سکا۔ آگ نے ریکارڈ روم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دفتری فائلیں، فرنیچر، ایک ایئر کنڈیشنر، کمپیوٹر کے لوازمات اور پردے جل گئے اور کوئی ناقابل تلافی نقصان نہیں ہوا۔ریسکیو 1122 ملتان کے کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور سیکنڈ فلور کی چھت پر پھنسے ہوئے سات افراد کو سیڑھی کی مدد سے بحفاظت نیچے اتار لیا۔ فائر فائٹرز نے تندہی سے کام کرتے ہوئے محض 10 منٹ کی مختصر اور مؤثر کارروائی کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا تاکہ چنگاریاں دوبارہ نہ بھڑک سکیں۔ چیئرمین بورڈنے حقائق کا پتہ لگانے اور 48 گھنٹوں کے اندر نقصانات کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ڈپٹی سیکریٹری (فنانس)، اسٹیٹ آفیسر اور مسز خالدہ ظفر ممبر بورڈ، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن، اسسٹنٹ سیکرٹری ایف سی، ریذیڈنٹ انجینئر،تعلیمی بورڈ ملتان بورڈ شامل ہیں ۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان ڈاکٹر اعجاز احمداور سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان خرم شہزاد قریشی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ریسکیو 1122 کو شامل کرکے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔







