ملتان (وقائع نگار)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کے زیراہتمام میٹرک کےنتائج کے اعلان کے ساتھ ہی پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کے اعزاز میں بورڈ کے جوبلی ہال میں پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 19 طلبا و طالبات میں نقد انعامات، شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم تھےجبکہ چیئرمین ملتان بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد، سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمران احمد، بورڈ کے افسران، اساتذہ، طلبا، طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی۔نتائج کے مطابق امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے بورڈ کی جانب سے 466 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کے 27 یو ایم سی سامنے آئے۔ تمام کیسز کا فیصلہ کر دیا گیا جن میں 25 امیدواروں کو سزا دی گئی جبکہ دو امیدواروں کو الزامات سے بری کر دیا گیا۔ملتان بورڈ نے اس سال نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے انعامی رقوم میں غیر معمولی اضافہ کیا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے انعامی رقم 20 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی، دوسری پوزیشن کے لیے 15 ہزار روپے کے بجائے 75 ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے 10 ہزار روپے کے بجائے 50 ہزار روپے مقرر کیے گئے۔ تقریب میں مہمانانِ خصوصی نے کامیاب طلبا و طالبات میں نقد انعامات، شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔نتائج کے مطابق مہرین رسول نے 1190 نمبر حاصل کر کے ملتان بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فائقہ محبوب نے 1188 نمبر لے کر دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ امنہ ابراہیم، خدیجہ چوہدری اور ارسلانہ فاطمہ نے 1187 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس سال کے نتائج کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی رہی کہ کامیابی صرف بڑے یا معروف تعلیمی اداروں تک محدود نہیں رہی بلکہ معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ملتان بورڈ میں امام مسجد، مزدور، رکشہ ڈرائیور اور یتیم بچوں کے گھروں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات بھی پوزیشن ہولڈرز میں شامل رہےجسے حاضرین نے محنت، عزم اور قابلیت کی بہترین مثال قرار دیا۔ تقریب کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے خوبصورت ملی نغمے پیش کیے۔ چیئرمین ملتان بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد نے تمام کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی اولین ترجیح شفاف، منصفانہ اور بروقت امتحانی نظام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کی تیاری کے ہر مرحلے میں انتہائی احتیاط برتی گئی تاکہ کسی طالب علم کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میٹرک امتحانات کے کامیاب انعقاد اور نتائج کی بروقت تیاری میں بورڈ کے ہر ملازم نے بھرپور کردار ادا کیا۔







