ملتان بورڈ امتحانات پھر متنازع، معروف پرائیویٹ سکول کیلئے نقل ریٹ ہزار روپے گھنٹہ

ملتان (ایجوکیشن سیل) گورنمنٹ ہائی سکول سمیجہ آباد ایک معروف پرائیویٹ سکول کے ملتان بورڈ کے زیرانتظام فرسٹ ایئر کے طلبہ کا ان دنوں امتحانی سنٹر بنا ہوا ہے جہاں گزشتہ روز کیمسٹری کے پرچے میں پہلے ایک گھنٹے میں نقل کروانے کا ریٹ ایک ہزار روپیہ فی طالب علم رکھا گیا جبکہ نصف وقت گزرنے کے بعد 50 فیصد رعایت کرکے اس رقم کو پانچ سو روپے فی طالب علم کرکے سیل لگا دی گئی۔طلبہ نے اس سہولت کا فائدہ اٹھا کر دل کھول کر نقل لگائی جبکہ مذکورہ معروف پرائیویٹ سکول کا عملہ بھی اپنے طالب علموں کو نقل کروانے میں بھرپور معاونت کرتا رہا۔ ایک طالب علم کے والد نے روزنامہ قوم کو بتایا کہ میرا بیٹا جو اسی سکول کا طالب علم ہے، کیمسٹری کا امتحان دے کر پریشانی میں واپس آیا کیونکہ اس کا پانچ نمبر کا ایک سوال آدھا غلط ہو گیا تھا۔ اس بچے نے بتایا کہ میرے پاس بھی پیسے ہوتے تو میں آسانی سے اپنا سوال ٹھیک کر لیتا کہ تمام طالب علم نقل کر رہے تھے اور امتحانی عملہ کھلے عام طالب علموں سے ہزار روپیہ فی طالب علم وصول کر رہا تھا مگر جب آدھے سے زیادہ وقت گزر گیا تو امتحانی عملے نے رشوت کا ریٹ کم کرکے 500 روپے کر دیا اور صرف وہ طالب علم نقل کرنے سے رہ گئے جو اپنے گھر سے پیسے لے کر نہیں آئے تھے جبکہ چند طالب علم ایسے بھی تھے جن کے لیے نقل لگانے کے پیسے مذکورہ معروف پرائیویٹ سکول کے وہاں پر موجود عملے نے ادا کیے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملتان بورڈ ہمیشہ سے نقل کے حوالے سے بدنام رہا ہے اور کسی بھی دور میں ملتان بورڈ میں نقل کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا حتیٰ کہ امتحانی سنٹروں کی باقاعدہ نیلامی کی خبریں 30 سال پہلے بھی زبان زد عام ہوا کرتی تھیں اور یہ رواج آج بھی موجود ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں