ملتان :اندرون شہر کے بھتہ خور بابر مُرغی کا قتل گینگ وار کا نتیجہ، مَکی گروپ کیخلاف مقدمہ

ملتان (کرائم سیل ) اندرون شہرکے بھتہ خور بابر مرغی کاقتل گینگ وارکانتیجہ نکلا۔پولیس نے مکی وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی۔قبل ازیں دیرینہ دشمنی اور سابقہ تنازع کے باعث فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہونے والا بابر قریشی عرف بابر مرغی نشتر ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق اندرون شہر کے رہائشی بابر قریشی کو گزشتہ شب پاک گیٹ کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا۔ مقتول کو دو گولیاں لگیںجس کے بعد اسے تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بابر مرغی اپنے دوستوں کے ہمراہ پاک گیٹ کے علاقے گل محمد روڈ پر گاڑی میں بیٹھا کھانا کھا رہا تھا۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد وہاں پہنچے اور بابر قریشی کو نشانہ بناتے ہوئے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ بابر قریشی شدید زخمی ہو کر گر پڑا۔ اطلاع ملنے پر اسے فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ بظاہر سابقہ دشمنی اور تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بابر قریشی کا بیرون ملک فرار ہونے سے قبل ریکس تھیٹر کے قریب مکی گروپ کے ساتھ جھگڑا ہوا تھاجس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی برقرار رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابرقریشی اور مکی وغیرہ کے درمیان فون پر گالم گلوچ اور دھمکیوں کی ویڈیو بھی ماضی میں سامنے آ چکی ہے جسے موجودہ واقعہ کے پس منظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بابر قریشی چند سال قبل صوبے میں سی سی ڈی پولیس کی کارروائیوں کے دوران بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ اس سے قبل پولیس کی جانب سے اسے ایک شہری پر تشدد اور اسلحہ کی نمائش کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا جبکہ گرفتاری کے بعد اس کا بدمعاشی سے توبہ کرنے کے حوالے سے ویڈیو بیان بھی سامنے آیا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مقتول کے خلاف بھتہ وصولی، لڑائی جھگڑے، فائرنگ، ناجائز اسلحہ سمیت دیگر مختلف نوعیت کے متعدد مقدمات ضلع ملتان کے مختلف تھانوں میں درج رہے ہیں۔ مزید ذرائع کے مطابق بابر قریشی ساؤتھ افریقہ میں مبینہ طور پر منشیات کے ایک مقدمے میں جیل بھی کاٹ چکا تھا تاہم اس حوالے سے متعلقہ ریکارڈ کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول حال ہی میں سعودی عرب سے عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچا تھا اور واپسی کے بعد اپنے معمولات زندگی جاری رکھے ہوئے تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد قبضے میں لے کر مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہےجبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعہ کے محرکات کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مکی وغیرہ کے خلاف تھانہ پاک گیٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ تفتیشی حکام سابقہ دشمنی، دھمکیوں اور فریقین کے درمیان جاری تنازع سمیت تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقات کر رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اور تفتیش کی روشنی میں واقعہ میں ملوث اصل ملزمان کا تعین کیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں