ملتان: افغان شہریوں کو جعلی شناختی کارڈ، ایڈیشنل ڈائریکٹر نادرا سمیت 3 افسر گرفتار

ملتان (وقائع نگار) نادرا ملتان کے تین اعلیٰ افسران افغان شہریوں کوجعلی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے قومی شناختی کارڈز کے فراڈ میں ملوث نادرا ملتان کے تین اعلیٰ افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ایڈیشنل ڈائریکٹر شعیب احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر رمیض رضا اور سپر نٹنڈنٹ سروس سنٹر نوید اسلم شامل ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ افسران مبینہ طور پر افغان شہریوں کو پاکستانی فیملی ٹری میں شامل کرکے انہیں جعلی پاکستانی شناختی کارڈ فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ یہ سکینڈل اس وقت بے نقاب ہوا جب ایک افغان شہری محمد امین کے خلاف نادرا ریجنل ہیڈ آفس اسلام آباد کی شکایت پر تحقیقات شروع کی گئیں۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ محمد امین نے غلط بیانی کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیا، جس کی منظوری نادرا زونل بورڈ نے دی تھی۔ 28 اپریل 2026 کو محمد امین اور نامزد نادرا افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ محمد امین کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے؛ اس سے قبل بھی نادرا کے متعدد افسران اس طرح کے اسکینڈلز میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 250,000 افغان شہریوں نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر رکھے ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فی جعلی شناختی کارڈ ایک سے ڈھائی لاکھ روپے تک وصول کیے۔ مزید کارروائی جاری ہے اور دیگر ممکنہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں