ملتا ن( وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہرِ اولیا میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی سکیموں اور انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کو شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مربوط انداز میں کام کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ملتان کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، جس کے تحت شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قلعہ کہنہ، برانڈ روڈ اور ملتان ایونیو پر ترقیاتی سرگرمیاں برق رفتاری سے جاری ہیں، جبکہ نشتر روڈ اور حسین آگاہی اپ گریڈیشن منصوبے بھی جلد مکمل کرکے عوام کو بہتر سفری سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ان کے ثمرات میسر آ سکیں۔دریں اثناضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہسپتالوں اور مراکز صحت کی کڑی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے اچانک شہباز شریف ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی، علاج معالجے کے معیار، صفائی کی صورتحال، پارکنگ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے جاری اپ گریڈیشن منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ بھی لی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح عوام کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، جبکہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ادویات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتالوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی اور غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔







