مظفرگڑھ (کرائم رپورٹر) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے انوکھا کارنامے نے تاجر کے ہوش اڑا دیئے، دو سال قبل فروخت کی جانے والی بغیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل کو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے تاجر کے نام رجسٹرڈ کردیا اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے تاجر کے نام پر لاکھوں روپے مالیت کے 105 چالان بھی کرڈالے، تاجر درخواست لیکر تھانے پہنچ گیا۔ تفصیل کیمطابق مظفرگڑھ کے مقامی تاجر خرم سلیم نے دو سال قبل ایک غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل فروخت کی تھی۔ تاہم ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے مبینہ طور پر کسی بھی بائیو میٹرک یا قانونی تصدیق کے بغیر مذکورہ موٹر سائیکل تاجر خرم سلیم کے نام پر ہی رجسٹرڈ کر دی، معاملہ اس وقت کھلا جب پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی طرف سے خرم سلیم کو ای چالان موصول ہونا شروع ہوئے۔ متاثرہ تاجر کو جب چالان کی تفصیلات معلوم ہوئیں تو ان کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی کیونکہ ان کے نام پر غیر قانونی طور پر رجسٹرڈ کی گئی اس موٹر سائیکل پر اب تک ریکارڈ 105 چالان کیے جاچکے ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی اس سنگین غفلت اور سیف سٹی کی یکطرفہ کارروائی کے خلاف تاجر خرم سلیم نے قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے متعلقہ تھانے میں درخواست دائر کر دی ہے۔متاثرہ شہری کا موقف ہے کہ بغیر تصدیق کے گاڑی نام پر منتقل کرنا قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، لہٰذا اس معاملے کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کی جائے اور ان کا نام اس ریکارڈ سے خارج کر کے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔







