مارچ اور دھرنے ختم کریں، پھر مذاکرات ہوں گے، وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو دوبارہ پیشکش

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال کی مسلسل محنت اور ٹیم ورک کے نتیجے میں ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا، جبکہ میکرو اکنامک استحکام کا حصول بھی انتہائی مشکل مراحل کے بعد ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے لے جایا جائے، تاہم بدقسمتی سے مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک جانب ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری ہے جبکہ دوسری طرف احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا سب سے پہلا اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیا ترقی کے پہیے کو دوبارہ روکنا ملک دشمنی کے مترادف نہیں؟ ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور دھرنوں کا سلسلہ ختم کرنا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں؟
شہباز شریف نے واضح کیا کہ مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو حکومت آپ کے ساتھ بات کرے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں