ماجد ستی قتل کیس: فرخ کھوکھر سمیت 3 ملزمان کو عمر قید، عدالت سے گرفتار

راولپنڈی: ماجد ستی قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر سمیت تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صافی نے سنایا، جس کے بعد فرخ کھوکھر کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگا دی گئیں اور سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
عدالت نے مقدمے کا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کیا، جس کے مطابق مرکزی ملزم فرخ تاجی کھوکھر، امیر حمزہ اور حیدر نواز کو عمر قید کے ساتھ فی کس 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
سزا سنائے جانے کے بعد فرخ کھوکھر نے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے قصور ہونے کے باوجود سزا دی گئی ہے، ان کے مطابق وہ وقوعہ کے وقت جائے حادثہ پر موجود نہیں تھے اور ان کے وکلا اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کریں گے۔
یاد رہے کہ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے 23 اگست 2022 کو پلاٹ کے تنازع پر ماجد ستی کو قتل کیا تھا، جس کے بعد تھانہ صادق آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی تھی۔
فرخ کھوکھر ماضی میں پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہو گئے تھے، جبکہ ان کے والد تاجی کھوکھر کا شمار راولپنڈی کی بااثر شخصیات میں ہوتا تھا۔ مقتول ماجد ستی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے بتایا جاتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں