لیہ میں افسوسناک واقعہ، گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 2 بچیاں حوض میں ڈوب کر جاں بحق

لیہ (نمائندہ قوم،سپیشل رپورٹر ) ضلع لیہ کے دیہی علاقہ چک نمبر 164 ٹی ڈی اے میں گھر کے باہر بنائے گئے پرائیویٹ پانی کے گڑھے میں ڈوبنے سے دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے واقعہ کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر لیہ، چیف آفیسر ضلع کونسل اور متعلقہ افسران کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ پیر جگی کی حدود میں واقع چک نمبر 164 ٹی ڈی اے، پتافی چوک کے قریب گھر کے باہر کھیلتے ہوئے دو کمسن بچیاں گھر کے عقب میں ذاتی طور پر بنائے گئے پانی سے بھرے حوض میں گر کر جاں بحق ہوگئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 8 سالہ زینب بی بی دختر محمد عمران اور تحریم دختر محمد لطیف گھر کے باہر کھیل رہی تھیں کہ اچانک نلکے کے پانی کے اخراج کے قریب موجود پانی سے بھرے گڑھے میں گر گئیں اور ڈوبنے سے جان کی بازی ہار گئیں۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی۔ ڈپٹی کمشنر کا افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں