رحیم یار خان(بیورو رپورٹ،سٹی رپورٹر) پیسوں کے لین دین کے تنازع پر مخالف نے فائرنگ کرکے 35 سالہ شخص کو موت کے گھاٹ دیا‘ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی‘ گزشتہ روز بستی امانت علی ایئرپورٹ روڈ پر النور میڈیکل سٹور کے قریب 35 سالہ طلحہ ظفر کو ملزم محمد شہریار نے پیسوں کے لین دین کے تنازع پر اپنے گھر بلایا جہاں تلخ کلامی کے بعد اس پر جان سے ماردینے کی خاطر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے طلحہ ظفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع پاکر مقامی پولیس اور ریسکیوٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تاہم طبی معائنے کے بعد طلحہ ظفر کی موت کی تصدیق کردی گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش پولیس کے حوالے کردی۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ پیسوں کے لین دین کا تنازع سامنے آیا ہے۔پولیس نے نامزد ملزم محمد شہریار کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔







