لودھراں(بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف گجر نے شہر کے مین بازار میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کی رفتار، معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران، انجینئرز اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائےجبکہ عوام کو درپیش مشکلات کو کم سے کم رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔دورے کے موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل مصلح الدین شاہ، ایکسین رانا محسن علی نون، سب انجینئر راشد اور متعلقہ ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل، مختلف مراحل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے منصوبے کے ہر مرحلے کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار، شفافیت اور رفتار پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ منصوبہ کسی غیر ضروری تاخیر کے بغیر مکمل ہو سکے۔معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے حالیہ بارشوں کے باعث بعض مقامات پر سامنے آنے والی معمولی خامیوں اور پانی کے نکاس کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت جاری کی، جس پر عمل کرتے ہوئے متاثرہ حصوں میں ضروری مرمت اور خامیوں کو دور کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ بارش سے متاثر ہونے والے تمام مقامات کی ازسرنو جانچ کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ کسی قسم کی تکنیکی خرابی یا عوامی شکایت سامنے نہ آئے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف گجر نے اس موقع پر کہا کہ مین بازار شہر کا اہم تجارتی مرکز ہےاس لیے منصوبے کی تکمیل میں معیار اور پائیداری کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں،دکانداروں اور ٹریفک کی آمدورفت کو ہر ممکن حد تک متاثر ہونے سے بچایا جائے اور صفائی، حفاظتی انتظامات اور نکاسی آب پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔منصوبے کی بروقت تکمیل سے مین بازار کی مجموعی حالت بہتر ہوگی، شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی جبکہ تجارتی سرگرمیوں کے لیے بھی بہتر ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کے ہر مرحلے کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری ہے اور کسی بھی مقام پر معیار سے ہٹ کر کام یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی جاری رکھی جائے، سامنے آنے والے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔







