لاہور: کوآپریٹو سوسائٹی فراڈ، قوم کی خبر پر جعلی منیجمنٹ برطرف، ریکارڈ غائب، مرکزی ملزم فرار

لاہور (قوم ریسرچ سیل) حکومت پنجاب کے کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ نے روزنامہ قوم اور قوم ڈیجیٹل کی اربوں روپے کی کرپشن کے حوالے سے خبر پر پنجاب گورنمنٹ آفیسرز کوآپریٹو سوسائٹی رائیونڈ روڈ کی غیر قانونی مینجمنٹ کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے اس منیجنگ کمیٹی کو ختم کر دیا اور اس سوسائٹی کا ریکارڈ قبضہ میں لینے کے لیے متعلقہ ایس ایچ او اور علاقہ مجسٹریٹ کی مدد سے سوسائٹی کے دفتر اور اربوں روپے کا فراڈ کرنے والے ندیم اکرام ورک کے گھر پر چھاپہ مارا مگر وہ جعل ساز ریکارڈ سمیت غائب ہو چکا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جعل سازی اور اربوں روپے کے فراڈ میں کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کا ایک ڈپٹی رجسٹرار بھی ملوث ہے اور اربوں روپے کے فراڈ کرنے والے ندیم اکرام ورک کا غیر اعلانیہ پارٹنر ہے۔ اندرونی ذرائع کے مطابق ان دونوں نے مل کر اس سوسائٹی کو لاہور کے ایک پراپرٹی ڈان کو مینجمنٹ دلوانے کے لیے ڈیل کر رکھی تھی اور یہ ڈیل بھی کروڑوں روپے میں تھی مگر روزنامہ قوم اور قوم ڈیجیٹل نے اس اربوں روپے کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا جس پر اعلیٰ حکام نے فوری کارروائی کر ڈالی۔ بتایا گیا ہے کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب گورنمنٹ آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی رائیونڈ روڈ کے لیے فوری طور پر ایک تین رکنی کیئرٹیکر کمیٹی قائم کر دی ہے جس کے کنوینر شجاع فاروق ہیں جبکہ ممبران میں علی خیبر اور شرجیل چوہدری شامل ہیں۔ روزنامہ قوم کی طرف سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق رات گئے تک کوالٹی کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ اپنے اندرونی مخبروں کی وجہ سے ریکارڈ پر قبضہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا کیونکہ اربوں روپے کی لوٹ مار کرنے والے ندیم اکرام ورک کو کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے بعض ٹاؤٹوں کی طرف سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں