کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “قیامت 2024 میں آ چکی تھی”، اور اپنے بیان میں 2024 کے عام انتخابات کا حوالہ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شرجیل انعام میمن نے مریم نواز کے اس سوال کا جواب دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ “قیامت کتنے بجے ہے؟”۔ شرجیل میمن نے کہا کہ یہ کسی فرد کی نہیں بلکہ “فارم 47 کے نشے” کی باتیں ہیں، اور دعویٰ کیا کہ 2024 کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ تقسیم کیا گیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ انتخابی دھاندلی کی سیاست کرنے والی جماعت آج خود دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے، اور طنزیہ انداز میں سوال کیا تھا، “قیامت کتنے بجے ہے؟”
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی “قیامت” آ چکی تھی تو پھر سندھ میں مسلسل حکومت کیسے قائم رہی۔ عظمیٰ بخاری نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات، سیاسی صورتحال اور پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی پر بھی تنقید کرتے ہوئے متعدد سوالات اٹھائے۔
حالیہ بیانات کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان آزاد کشمیر انتخابات اور 2024 کے عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی لفظی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
یہ آپ نہیں فارم ۴۷ کا نشا بول رہا ہے۔ قیامت ۲۰۲۴ میں آ گئی تھی ، جب خیرات مین منڈیٹ بٹ رہے تہے۔ https://t.co/8wvMsxtyLc
— Sharjeel Inam Memon (@sharjeelinam) July 29, 2026







