عوام اسٹیٹس کو سے نجات چاہتے ہیں، 27 ستمبر کو پرامن مارچ ہوگا: بیرسٹر گوہر

پشاور: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عوام موجودہ اسٹیٹس کو سے چھٹکارا چاہتے ہیں اور 27 ستمبر کو پرامن مارچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مارچ کسی شوق یا تفریح کے لیے نہیں بلکہ جمہوری تبدیلی کے مطالبے کے لیے ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مارچ میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ انہیں امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی اس مارچ کا حصہ بنیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام جمہوری طریقے سے تبدیلی اور نئے انتخابات کے خواہاں ہیں، جبکہ سیاسی کشیدگی اور تقسیم سے عوام اکتا چکے ہیں۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے معاملے میں عجلت سے کام لینا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت کا مسئلہ درپیش ہے، اس لیے چیف جسٹس سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ سماعت جلد مقرر کی جائے۔
بیرسٹر گوہر نے نرسنگ کالج کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ پر پولیس تشدد افسوسناک ہے، جبکہ متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف تشدد نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبوں سے متعلق بیان کو بھی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں