عمران خان کی اسپتال منتقلی پر مولانا فضل الرحمان کا ردعمل

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مختصر ردعمل دیتے ہوئے اسے اچھی پیش رفت قرار دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان سے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے عدالتی فیصلے سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے۔

اپوزیشن اور حکومت کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دونوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رہنا چاہیے، تاہم بلاوجہ تعصب، نفرت یا صرف مخالفت کی خاطر مخالفت سے گریز کیا جانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی بنیادی ذمہ داری حکومت کی کمزوریوں کی نشاندہی کرنا اور ان کی اصلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ سیاسی معاملات میں سنجیدگی، ذمہ داری اور متوازن رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حمایت یا مخالفت میں واضح لکیر کھینچنے سے معاملات مزید پیچیدہ ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس معاملے پر مزید بحث کی ضرورت ہے تاکہ اس کی آئینی اور عملی حیثیت کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھا جاسکے کہ موجودہ حالات میں اس کے لیے مناسب ماحول موجود ہے یا نہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں