اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کے لیے دائر کی گئی دوسری درخواست بھی سپریم کورٹ نے مسترد کردی۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہینِ عدالت کی درخواست کو فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی دوسری استدعا بھی قبول نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ توہینِ عدالت کی درخواست پہلے ہی 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔ عدالتی پالیسی کے تحت مقدمات کو مقررہ ترتیب اور باری کے مطابق سماعت کے لیے لگایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت توہینِ عدالت سے متعلق 94 درخواستیں پہلے ہی زیر التوا ہیں، جس کے باعث عظمیٰ خان کی جانب سے کیس کی فوری سماعت کے لیے دی گئی درخواست کو قابلِ قبول نہیں سمجھا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق کیس میں جلد سماعت کی استدعا اس سے قبل بھی ایک متفرق درخواست کے ذریعے کی گئی تھی، جسے مسترد کیا جاچکا ہے۔
یوں عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہینِ عدالت کے معاملے پر فوری سماعت کی دوسری کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی، جبکہ اصل درخواست کی سماعت 16 ستمبر کو مقرر ہے۔







