اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہ کیے جانے پر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجا اور عزیر بھنڈاری نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 18 اگست 2026 کے عدالتی حکم پر مبینہ طور پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مبینہ طور پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ذمہ داران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور انہیں ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے مزید درخواست کی ہے کہ ذمہ دار افراد کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق کارروائی اور سزا دی جائے۔
درخواست میں عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور ان کا مکمل طبی معائنہ کرانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر مقرر کرنے یا لوکل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم حکومت نے انہیں پمز اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔ طبی معائنے کے بعد عمران خان کو دوبارہ اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔







