عمران خان کو شفا کے بجائے دوسرے اسپتال منتقل کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہ کیے جانے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم واضح تھا اور اس میں کسی قسم کا ابہام موجود نہیں تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق سیاسی مسائل بات چیت سے حل ہونے چاہئیں، کیونکہ جمہوری نظام اسی طریقے سے آگے بڑھتا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عمران خان کو کسی دوسرے اسپتال منتقل کیے جانے اور اس حوالے سے مکمل معلومات فراہم نہ کرنے کی توقع نہیں تھی۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے کی خواہاں ہے اور ملک میں جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے چند روز قبل عمران خان کو طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور مکمل میڈیکل چیک اپ کرانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم حکومت نے بعد ازاں انہیں پمز اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا، جس کے بعد انہیں رات گئے دوبارہ اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں