عمران خان نے اسلام آباد مارچ کی کال دے دی

عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ حکومت نے چیلنج کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے سپریم کورٹ میں عدالتی حکم پر نظرثانی کی درخواست جمع کرائی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کو آئندہ سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ان کی بہن عظمیٰ خان اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کی تھی۔
نظرثانی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان پریزن رولز 1978 میں قیدی کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے واضح طریقہ کار موجود ہے، تاہم سپریم کورٹ کے گزشتہ حکم میں ان جیل قواعد کو نظرانداز کیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کے تحت مقررہ قانونی طریقہ کار سے ہٹ کر حکم جاری کرنا ایک نمایاں قانونی خامی ہے۔
درخواست میں آرٹیکل 10 اے کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا کہ منصفانہ ٹرائل کے آئینی تقاضے پورے کیے جانا ضروری ہیں۔ حکومت کے مطابق کیس میں متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کیے بغیر عبوری حکم جاری کیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کیس کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق اہم قانونی نکتے کو زیر غور لائے بغیر یکطرفہ طور پر عبوری حکم جاری کردیا گیا، جبکہ عبوری مرحلے میں حتمی نوعیت کا ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق گزشتہ حکم پر نظرثانی کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں