عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قید تنہائی کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل ریکارڈ طلب کر لیا

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قید تنہائی سے متعلق درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو تفصیلی رپورٹ، جیل ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے سماعت کے دوران ہدایت کی کہ عدالت کو بتایا جائے کہ اگر دونوں کو قید تنہائی میں رکھا گیا تو اس کی قانونی بنیاد کیا تھی، یہ اقدام کس قانون کے تحت کیا گیا، اس کی مدت کتنی تھی اور آیا یہ سزا کے طور پر دیا گیا یا نہیں۔
عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ متعلقہ رپورٹس موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ ساتھ ہی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودہ صورتحال اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ قید تنہائی سے متعلق تمام الزامات کی حقیقت، جیل رجسٹر، ریکارڈ اور دیگر متعلقہ دستاویزات آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کی جائیں۔ عدالت نے آئی جی جیل خانہ جات کو بھی ہدایت کی کہ ایسا ذمہ دار افسر پیش کیا جائے جو کیس کی تمام تفصیلات سے آگاہ ہو۔
عدالت نے تمام فریقین کو 6 اگست تک رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے مزید سماعت اسی تاریخ تک ملتوی کر دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں