اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد ایک بار پھر بحال ہوگیا ہے، جبکہ حکومت ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات کے ذریعے معیشت کو دستاویزی بنانے اور محصولات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے پر کام جاری ہے، جس کے نتیجے میں ٹیکس وصولیوں میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی معیشت کی روک تھام کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد صرف پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال تک محدود نہیں بلکہ وہ ملک کے مستقبل کے حوالے سے بھی پُرامید ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یورو بانڈ تین سالہ درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمت عملی کا حصہ ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق بیرونی فنانسنگ کے معاملے میں میچورٹیز بڑھانے اور رول اوور کے خطرات کم کرنے کی پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ پاکستان سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈز کے ذریعے بیرونی مالی معاونت کے ذرائع کو مزید متنوع بنا رہا ہے۔







