ضمانت خارج،گلبرگ ایگزیکٹوفراڈ کا ملزم قیصراقبال نیب کے ہاتھوں گرفتار

ملتان(کورٹ رپورٹر)ہائیکورٹ ملتان بینچ سے ضمانت خارج ہونے پر قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان نے اربوں روپے کے گلبرگ ایگزیکٹو ہاؤسنگ سکیم میگا فراڈ کیس میں ملزم قیصر اقبال لینڈ پرووائیڈر کو گرفتار کر لیا۔ عوام الناس کو پلاٹوں کے نام پر دھوکا دہی سے اکٹھی کی گئی رقوم میں زمین کے عوض ایک ارب روپے سے زائد ملزم لینڈ پرووائیڈرز کو منتقل کیے گئے تھے۔ لینڈ پرووائیڈرز نے ملزم غلام اصغر گرمانی کے ساتھ مل کر اس ہاؤسنگ سکیم کی بنیاد رکھی اور مطلوبہ زمین بھی خرید نہ کی۔ ملزم قیصر اقبال طویل عرصے سے نیب ملتان کو مطلوب تھا۔ ملزم کی جانب سے ہائیکورٹ ملتان بینچ میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی تھی کہ وہ بے گناہ ہے اور اسے غلط طور پر مقدمہ میں ملوث کیا گیا ہے۔ نیب ملتان کی جانب سے درخواست ضمانت کی مخالفت کی گئی کہ ملزم طویل عرصہ سے مطلوب ہے اور عوام کے ساتھ اربوں روپے کا فراڈ کیا گیا ہے۔ اس لئے ملزم ضمانت کا حقدار نہیں ہے۔ جس پر ہائیکورٹ ملتان بینچ نے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی جس کے بعد نیب ملتان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں