اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری آج سے 9 جولائی تک جمہوریہ کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد بھی موجود ہوگا۔
یہ دورہ کرغزستان کے صدر سیدر ژاپاروف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور گزشتہ 21 برس کے دوران کسی بھی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور کرغز صدر سیدر ژاپاروف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان بھی مذاکرات منعقد ہوں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت، دواسازی، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دورۂ کرغزستان کے دوران صدر آصف علی زرداری کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر سے بھی خیرسگالی ملاقات کریں گے، جہاں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر گفتگو کی جائے گی۔







