شعبہ انفورسمنٹ ایم ڈی اے تجاوزات مافیا کو تحفظ دینے لگا

ملتان(سٹی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب کے احکامات مکمل نظر انداز، ایم ڈی اے شعبہ انفورسمنٹ نے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو تحفظ دینا شروع کردیا، وزیر اعلیٰ شکایت سیل پر دی گئی درخواست ردی کی نوکری میں پھینک دی گئی ۔ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ انفورسمنٹ کے افسران نے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کی انڈیکٹرز KPI,s پر عملدرآمد سے صاف انکار کردیا اور وزیر اعلی شکایت سیل پر دی جانے والی درخواستوں کو ردی کی نوکری میں پھینکنا معمول بنالیا ہے شہری کی جانب سے خانیوال روڈ نزد ڈائیوو بس سٹینڈ کے قریب سیٹ بیک ایریا میں بنائی گئی غیر قانونی دیواروں کی نشاندہی کی گئی تو شعبہ ٹائون پلاننگ نے مذکورہ دیواروں کو مسمار کرنے کے لئے ریکوزیشن بنا کر شعبہ انفورسمنٹ کو بھجوادی تاہم ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود شعبہ انفورسمنٹ کے افسران نے مذکورہ غیر قانونی دیواروں کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی جس پر شہری نے وزیر اعلی شکایت سیل پر کاروائی کے لئے درخواست دی تو انفورسمنٹ افسران نے وہ درخواست بھی اٹھا کر ردی کی نوکری میں پھینک دی جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، عوامی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب، سیکرٹری ہاؤسنگ و اربن پلاننگ پنجاب ،کمشنر ملتان اور ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے سے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کروانے اور وزیر اعلی شکایت سیل کی درخواستوں پر نوٹس نہ لینے والے انفورسمنٹ افسران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں