شاہ جمال میں بجلی ٹرانسفارمر ایک ہفتے سے غائب، شہری گرمی میں نڈھال

چوک مکول(خبرنگار)شاہ جمال واپڈا کی مجرمانہ غفلت، ایک ہفتے سے ٹرانسفارمر غائب، عوام کا شدید احتجاج!​شدید گرمی اور حبس میں معصوم بچے، بزرگ اور خواتین بلک اٹھے، مساجد میں پانی بند، نمازی پریشان، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کا دردناک مطالبہواپڈا سب ڈویژن شاہ جمال کی شدید بے حسی اور مجرمانہ غفلت کے خلاف نواحی علاقے ٹبی نوناری کے مرد و خواتین گھروں سے باہر پر نکل آئے اور میپکو انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ایک ہفتے سے بجلی کا ٹرانسفارمر غائب ہونے کی وجہ سے پورا علاقہ شدید گرمی اور حبس میں جہنم جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکا ہے۔ٹبی نوناری کے رہائشیوں ڈاکٹر حنیف نوناری، حافظ غلام فرید، رخصار احمد، میاں رمضان نوناری، میاں شاہ زیب نوناری، میاں نزر حسین پٹواری، میاں منور نوناری و دیگر نے صحافیوں کو شدید احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے بتایا کہ ہم مقامی ایم پی اے سے لے کر واپڈا سب ڈویژن شاہ جمال کے تمام ذمہ داران کو درخواستیں دے دے کر اور اپیلیں کر کے تھک چکے ہیں، لیکن ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔​مظاہرین نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل میپکو اہلکار جلا ہوا ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے تھے، لیکن متبادل ٹرانسفارمر تاحال نصب نہیں کیا گیا۔ اس شدید گرمی اور حبس کے موسم میں معصوم بچے، بے بس بزرگ، خواتین اور مریض تڑپ رہے ہیں، جبکہ مساجد میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے نمازیوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا ہے۔​متاثرہ مرد و خواتین نے دہائی دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور میپکو کے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے اور غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا دردناک مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں