کراچی: عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے، جس کے باعث ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید 4,100 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 41 ڈالر کم ہونے کے بعد 4,024 ڈالر کی سطح پر آ گئی، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے۔
آل پاکستان صرافہ مارکیٹ میں منگل کے روز فی تولہ سونے کی قیمت 4,100 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 24 ہزار 836 روپے مقرر ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3,515 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کا نیا نرخ 3 لاکھ 64 ہزار 228 روپے ہوگیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 25 سینٹس مہنگی ہو کر 58 ڈالر 70 سینٹس تک پہنچ گئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی چاندی کے نرخ بڑھ گئے، جہاں فی تولہ چاندی 25 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 349 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 22 روپے مہنگی ہو کر 5 ہزار 443 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔







