کراچی: عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی کمی کا رجحان برقرار رہا، جس کے نتیجے میں سونا مزید سستا ہو گیا۔ اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بدھ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 47 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 78 ڈالر تک آ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں اس گراوٹ کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی دیکھنے میں آئے۔
ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 ہزار 700 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 30 ہزار 236 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 29 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 68 ہزار 858 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت بھی 1 ڈالر 38 سینٹ کی کمی کے بعد 59 ڈالر 42 سینٹ پر آ گئی، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں چاندی کے نرخ بھی نیچے آ گئے۔
مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ چاندی 138 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 421 روپے پر پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 119 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 504 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونا اور چاندی سستے ہو رہے ہیں، تاہم آئندہ دنوں میں عالمی معاشی حالات اور سرمایہ کاروں کے رجحانات قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔






