سوشل میڈیا پر میمز بنانے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی برہم، حنا پرویز بٹ کو بیٹیوں جیسا قرار دے دیا

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سوشل میڈیا پر اپنے اور رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ سے متعلق بنائے جانے والے میمز پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حنا پرویز بٹ ان کی بیٹیوں کی طرح ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایک موقع پر انہوں نے ایوان میں حنا پرویز بٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے صرف اتنا کہا تھا کہ “میری طرف دیکھیں”، مگر اس جملے کو سوشل میڈیا پر غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے اور حنا پرویز بٹ کے حوالے سے مختلف میمز اور پوسٹس بنائی گئیں، جس سے انہیں شدید دکھ پہنچا۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ حنا پرویز بٹ ان کے لیے اپنی بیٹیوں جیسی حیثیت رکھتی ہیں۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور منفی مہم کے باعث اب وہ ایوان میں گفتگو کرتے وقت ہر لفظ انتہائی سوچ سمجھ کر ادا کرتے ہیں، کیونکہ کسی بھی بات کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں