سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل یا غیر مؤثر نہیں کیا جا سکتا، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو کسی ایک فریق کی جانب سے یکطرفہ طور پر معطل یا غیر مؤثر نہیں بنایا جا سکتا۔
ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز نشانِ امتیاز سے نوازا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
انتونیو گوتریس نے پاکستان کا اعلیٰ قومی اعزاز ملنے پر اظہار تشکر کیا۔ صدر مملکت سے ملاقات کے دوران عالمی امن اور تنازعات کے حل کے لیے مکالمے کے فروغ کی ان کی کوششوں کو سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر یا سیاسی دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ پائیدار امن کے قیام کے لیے طویل عرصے سے جاری تنازعات، بالخصوص جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت بدستور جاری رکھے گا۔ پاکستان کو افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے مسلسل دہشتگردی کا سامنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں